پیپلز پارٹی عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے، شرجیل میمن

پیپلزپارٹی توڑنے کی نہیں جوڑنےکی بات کرتی ہے، شرجیل میمن
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سکھر کے عوام کو جس لمحے کا تھا انتظار وہ لمحہ آن پہنچا، محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کل بروزِ جمعہ سے سکھر میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آپریشن شروع کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کی کامیاب سروس کے بعد سکھر کے لوگ پیپلز بس کی سواری سے مستفید ہوسکیں گے، سکھر کے مصروف ترین پہلے روٹ پر 10 لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ سکھر کا 25 کلو میٹر طویل روٹ روہڑی ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوکر بیڑی اسٹاپ، عطا حسین ڈگری کالج، ڈیوو بس ٹرمینل، ایس آئی یو ٹی سکھر، سٹی پوائنٹ بس اسٹاپ، این آئی سی وی ڈی، آئی بی اے یونیورسٹی، نیو بس ٹرمینل، بیکن ہاؤس اسکول، سبزی منڈی ، پاکولہ چوک، بورڈ آفس، کمشنر آفس، آئی بی اے پبلک اسکول، 7/11 اسٹور بس اسٹاپ سے گزر کر گلوب چوک لیب مہران پر اختتام پذیر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر تیزی سے عمل پیرا ہے، سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیپلز بس سروس کے فلیگ شپ منصوبے کو صوبے کے بڑے شہروں تک پھیلا رہی ہے تاکہ عوام کو سستی محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ شدید مالی دباؤ اور ملک کی مشکل معاشی صورتحال کے باوجود پیپلز پارٹی سندھ صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے صوبے کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بڑا منصوبہ تیار کیا ہے جس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News