پاک فضائیہ کے شاہینوں کا یوم پاکستان پر قوم کو سلام

پاک فضائیہ کے شاہینوں کا یوم پاکستان پر قوم کو سلام
یوم تجدیدِ عہد وفا کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پوری پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آج قراردادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 83 سال مکمل ہو گئے، ملکی ترقی، خوشحالی، مضبوط تر دفاع کے عزم کے ساتھ “یوم پاکستان” بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ دن 23 مارچ 1940ء کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد لاہور کے تحت اپنے لیے علیحدہ وطن کے حصول کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
پاک فضائیہ ترجمان کا کہنا تھا کہ یوم تجدیدِ عہد وفا پر پاک فضائیہ کے شاہین، پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی، خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان، ملکی سالمیت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
یوم پاکستان کے مقدس موقع پر آج وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہوا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
بعدازاں یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ جبکہ لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News