صوبائی حکومت زمینداروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، جان اچکزئی

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کمشنر آفس کوئٹہ میں زمیندار کسان اتحاد پاکستان سے بجلی کی بحالی اور بقایاجات کی ادائیگی سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کیسکو کے 415 ارب روپے کے واجبات زمینداروں پر ہیں جن کی وصولی کے لیے غیر قانونی ٹیوب ویلوں کے خلاف کارروائیوں اور واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور زرعی شعبہ تباہی کا شکار ہو رہا ہے لٰہذا زمینداروں کو بجلی کی بحالی اور وولٹیج کی درستگی نہایت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے کے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے زمینداروں کی مشکلات اور مسائل کا ادراک ہے، اس سلسلے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں بجلی کی بحالی، واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی،میٹروں کی تنصیب اور اقساط کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض ہوا۔اجلاس میں کیسکو کو 08 آٹھ گھنٹے بجلی کی فراہمی اور وولٹیج کو درست کرنے،زمینداروں کو مقررہ کردہ بل جمع کروانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ کمیٹی بلوں کی ادائیگی ،بجلی کے اوقات کار اور وولٹیج کا جائزہ لے گی۔
اس موقع پر زمینداروں کی جانب سے میٹرز کی تنصب پر اتفاق ہوا جس پر آئندہ مذکرات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ(ر) سعد بن اسد، زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نصیرشاہوانی ،حاجی عبدالرحمن بازئی اور دیگر موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

