الیکشن کمیشن کا 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن کا 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کرانے کا اعلان
الیکشن کمیشن نے8 فروری 2024 کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے 8 فروری کو انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے اتفاق کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق رپورٹ تیار کرلی ہے،الیکشن کمیشن رپورٹ کل سپریم کورٹ میں جمع کروائے گا۔
اس سے قبل عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے لیے ایوان صدر پہنچے، ممبران الیکشن کمیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اور صدر مملکت سے الیکشن کمیشن وفد کی ملاقات 1 گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اٹارنی جنرل بھی شریک تھے، اٹارنی جنرل نے صدر مملکت کو آج کے عدالتی آڈر کی کاپی فراہم کی۔
ذرائع ایوان صدر کے مطابق 3 تاریخوں کو صدر مملکت کے سامنے رکھا گیا، الیکشن کمیشن نے28جنوری،4فروری اور11فروری کو الیکشن کی رائے دی، الیکشن کمیشن نے11فروری کو انتخابات کے لئے موزوں قرار دیا، انتخابی مہم کے لیے وقت کے آئینی تقاضےکو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔
ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر مملکت کو حلقہ بندیوں، دیگر امور پر بریفنگ دی اور سپریم کورٹ میں دیئے شیڈول سے متعلق آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور صدر مملکت کو آج ہی انتخابات کی تاریخ کے تعین کا حکم دے دیا ہے، سپریم کورٹ میں انتخابات کی تاریخ کیلئے صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری تحریک انصاف اور دیگر درخواست گزاروں نے رجوع کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی،صحافی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے سوال کیا کہ پولنگ ڈے اتوار کا دن کیوں نہیں رکھا؟ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ چلیں اس بہانے بچوں کو اسکول کی ایک اور چھٹی مل جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ صدر مملکت سے ملنے سے انکار نہیں کیا تھا، نہ ملنے کا فیصلہ کمیشن کا تھا، سپریم کورٹ میں ہم نے11فروری کی تاریخ دی تھی، ہم نے صدر مملکت کو خط میں11فروری کی تاریخ دی تھی، متفقہ فیصلہ ہوا کہ8 فروری کو الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے ہمیں اچھے طریقے سے ویلکم کیا، کوشش تھی اتوار کا روز پولنگ کے لئے اچھا رہے گا، جب چار لوگ ملتے ہیں تو گنجائش نکل آتی ہے۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پہلے بھی فروری میں الیکشن ہوتے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا گراؤنڈ ڈبل کنکریٹ کا ہے، سارے ادارے محترم ہیں لیکن الیکشن کمیشن تو اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہوئی تو اسٹینڈ لیا الیکشن ایک دن ہوں، ہر کوئی کہتا ہے الیکشن شفاف ہوں لیکن مداخلت بھی کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی حکومت الیکشن کمیشن سے خوش نہیں تھی، نگراں حکومت بنانا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کام صرف نگراں حکومت کی نگرانی کرنا ہے، دیکھتے جائیں الیکشن کمیشن کیا کرتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ ای سی سرکاری اداروں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائے گا، سندھ کے الیکشن کمشنر کے خلاف شکایات آرہی ہیں، شکایات میں سچائی ہوئی تو کارروائی کریں گے، کے پی میں کابینہ تبدیل کرائی،وفاقی کابینہ کا نوٹس لیا، ہم سمجھتے ہیں کہ اب تک الیکشن کمیشن کے فیصلے درست ہیں، ہم پر اکثر بلاوجہ تنقید ہوتی ہے۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی آج کی سماعت کا حکمنامہ
سپریم کورٹ نے آج کی کارروائی کا حکم نامہ لکھوایا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 30 نومبر کو حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوگا، پانچ دسمبر کو حلقہ بندیوں کے نتائج شائع ہونگے، حلقہ بندی شائع ہونے کے بعد انتخابی پروگرام جاری ہوگا،الیکشن کمیشن چاہتا ہے انتخابات اتوار کے دن ہوںانتخابی پروگرام کے بعد پہلا اتوار چار فروری بنتا ہے، عوام کی شرکت کیلئے الیکشن کمیشن چاہتا ہے انتخابات 11 فروری کو ہونگے، الیکشن کمیشن آج صدر سے ملاقات کرکے انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے۔
حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن اور صدر کے درمیان ملاقات کیلئے اٹارنی جنرل سہولت کاری کریں، صدر اور الیکشن کمیشن کے درمیان جو بھی طے ہو عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، توقع ہے صدر اور الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کل تین نومبر کو عدالت میں کرینگے، تحریر پر صدر اور الیکشن کمیشن کے دستخط ہونا لازمی ہیں،الیکشن کمشنر اپنے ممبران سے خود مشاورت کرے۔
چیف جسٹس نے حکم نامے میں گزشتہ سماعت اور آج کی سماعت کے دونوں حکم نامے فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ہم ابھی حکمنامہ پر دستخط کر کے کاپی آپ کو دے رہے ہیں، تلخیاں اپنی جگہ پر مگر تمام سیاسی جماعتیں اپنا منشور لے کر عوام میں جائیں، عوام کو جس کا منشور پسند آئے گا وہ اسے ووٹ دے دیں گے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے 90 روز کے اندر انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت سے آج ہی مشاورت کرے اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرکے عدالت کو رپورٹ پیش کرے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.bolnews.com/urdu/pakistan/2023/11/134351/amp/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://www.bolnews.com/urdu/pakistan/2023/11/134351/amp/ اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

