ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن، 25 ہزار بجلی چور گرفتار

ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن، 25 ہزار بجلی چور گرفتار
ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کے نتیجے میں 25,142 بجلی چور گرفتار ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماہ ستمبر میں نگران حکومت اور عسکری قیادت نے بجلی چوری کے خلاف مہم کا آغاز کیا جس کے دوران متعلقہ اداروں نے یقین دہانی کروائی کہ کسی بھی اعلیٰ اور طاقتور شخصیت کو نہ بخشا جائے گا۔
متعلقہ اداروں نے تمام ملزموں کے خلاف ردوبدل، معطلی اور ضروری قانونی کارروائی کی، یہاں تک کہ اپنے ہی عملے کو اس پیمانے پر گرفتار کیا جیسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔
بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کے دوران افسروں اور عملے کو بجلی چوروں کی جانب سے چھوٹے مافیاز کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا، مارا پیٹا گیا، زخمی کیا گیا، یرغمال بنایا گیا اور ان پر فائرنگ بھی کی گئی۔
آپریشن کے دوران ملک بھر سے 25,142 بجلی چور گرفتار کیے گئے جن سے 34 ارب ریکور کیے گئے، اس کریک ڈاوٴن کے باعث ماہانہ نقصان میں 12 ارب سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے، متعلقہ اداروں میں موجود 197 سرکاری ملازمین کو بھی بجلی چوری کے الزام میں معطل کیا گیا، مہم کے دوران 46 ارب روپوں کی بچت کی گئی۔
آپریشن شروع ہونے سے پہلے 9 فیصد بجلی کے یونٹس کی چوری ریکارڈ کی جارہی تھی جبکہ آپریشن کے بعد 3.4- فیصد تک آچکی ہے۔
نگران وزیراعظم کی انسداد بجلی چوری مہم تیز کرنے کی ہدایت
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت بجلی چوری روکنے کی مہم کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں نگراں وزیراعظم کو مہم کے آغاز سے لے کر اب تک کے بجلی چوری روکنے سے متعلق نتائج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے اشتراک سے مہم کامیابی سے جاری ہے، مہم میں 19415 بجلی چوروں گرفتار کیا گیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ ستمبر سے بجلی چوری کے خلاف 39836 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں، بجلی چوری میں ملوث 189 سرکاری افسران کو معطل کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ مردان میں انسداد بجلی چوری مہم سب سے زیادہ کامیاب رہی، مردان میں بجلی چوری کی شرح 43 سے کم ہوکر 13 فیصد تک آ چکی ہے، مہم کے دوران اربوں روپے کی وصولیاں کی جا چکی ہیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مہم کے مثبت نتائج آنے پر وزارت توانائی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔
نگراں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آزاد جموں و کشمیر، کوئٹہ اور سندھ میں انسداد بجلی چوری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ نگراں وزیراعظم نے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انوار الحق نے متعلقہ حکام کو بلوچستان میں بجلی چوری روکنے کی مہم کے خلاف مزاحمت اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ بجلی چوری روکنے کی مہم جیسے اقدامات کے ذریعے آئندہ جمہوری حکومت کے لیے ایک مستحکم نظام تشکیل دیں۔
کراچی والوں کیلئے بری خبر؛ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیدی گئی
دوسری جانب کراچی والوں کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کیلئے یکساں ٹیرف کے تحت کراچی والوں کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
صارفین سے 46 پیسے فی یونٹ کی اضافی وصولیاں آئندہ 3ماہ میں کی جائیں گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پی ایس او کے مالی بحران سے نمٹنے کیلئے 100 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی منظور کر لی گئی جبکہ پنجاب کیلئے گرین کارپوریٹیو اقدامات کی مد میں وفاقی حکومت 20 ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کیلئے ای سی سی نے صوبائی حکومت کو گرین انشیٹیو کمپنیوں سے براہ راست اس ضمن میں رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق چمن بارڈر پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو مشاورت کے ساتھ بی آئی ایس پی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وزارت داخلہ کیلئے تعمیر و مرمت کے کام کیلئے 4 کروڑ 74 لاکھ روپے جبکہ وزارت آئی ٹی کے ڈیجیٹل انفارمیشن انفراسٹرکچر منصوبے کیلئے 5 ارب روپے کی منظوریاں دی گئیں ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.bolnews.com/urdu/pakistan/2023/11/609787/amp/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://www.bolnews.com/urdu/pakistan/2023/11/609787/amp/ اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

