بھارت میں مسلم مخالف جنون بدستور جاری ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلم مخالف جنون بدستور جاری ہے۔
ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی اکتیسویں برسی کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج ہندوستان میں تاریخی ‘بابری مسجد’ کے انہدام کو 31 برس ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کی اعلیٰ عدلیہ نے اس نفرت انگیز فعل کے ذمہ دار مجرموں کو بری کر دیا، بھارتی عدلیہ نے مسمار کی گئی مسجد کی جگہ پر مندر کی تعمیر کی بھی اجازت دے دی، اس مندر کا افتتاح بھارت میں اگلے عام انتخابات سے چند ماہ قبل جنوری 2024 میں متوقع ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت میں مسلم مخالف جنون بدستور جاری ہے، بھارت میں حکمران طبقے سے تعلق رکھنے والے عناصر مسلمانوں کے خلاف نفرت کو ہوا دے رہے ہیں، آج ہندو بالادستی پسند گروہ کئی دیگر مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت میں متعدد مساجد اور مزارات کو مختلف انتظامی اقدامات یا عدالتی عمل کی آڑ میں پہلے ہی مسمار کیا جا چکا ہے، مسلمانوں کے مقدس مقامات بھی انتہا پسندوں کے ہجوم کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کا نوٹس لینا چاہیے، پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ1528 میں مغل دور حکومت میں بھارت کے موجودہ شہر ایودھیا میں بابری مسجد تعمیر کی گئی جس کے حوالے سے ہندو دعویٰ کرتے ہیں کہ اس مقام پر رام کا جنم ہوا تھا اور یہاں مسجد سے قبل مندر تھا۔
برصغیر کی تقسیم تک معاملہ یوں ہی رہا اس دوران بابری مسجد کے مسئلے پر ہندو مسلم تنازعات ہوتے رہے اور تاج برطانیہ نے مسئلے کے حل کیلئے مسجد کے اندرونی حصے کو مسلمانوں اور بیرونی حصے کو ہندوؤں کے حوالے کرتے ہوئے معاملے کو دبا دیا۔
1992 میں ہندو انتہا پسند پورے بھارت سے ایودھیا میں جمع ہوئے اور ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں 6 دسمبر کو سولہویں صدی کی یادگار بابری مسجد کو شہید کر دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

