الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے اضافی کاغذ ختم ہوگیا

عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کا ایک اور بڑا فیصلہ
عام انتخابات 2024 کے لئے الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے خصوصی فیچرز والا اضافی کاغذ ختم ہو گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں 47 حلقوں میں دوبارہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا حکم دیا گیا، حلقوں میں دوبارہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے کاغذ کی شارٹیج ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خصوصی کاغذ کی کمی کے باعث مزید کسی حلقے کے دوبارہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ممکن نہیں، سپریم کورٹ نے کسی بھی حلقے میں دوبارہ بیلٹ پیپرز چھاپنے کا کہا تو متعلقہ حلقے میں الیکشن موخر کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے 200 ٹن کاغذ کی خریداری کے لیے آرڈر دے دیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات میں ردوبدل کے باعث کچھ حلقوں میں انتخابات مؤخر کرنے کا عندیہ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات؛ الیکشن کمیشن کا اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار
الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جن حلقوں میں بیلیٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کروانا پڑ رہی ہے ان کو آخر میں چھاپا جائے گا، دوبارہ چھپائی خصوصی سیکیورٹی کاغذ، پرنٹنگ کارپوریشنز کی استعداد اور وقت کی دستیابی پر منحصر ہو گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کاغذ دستیاب نہ ہوا تو ان حلقوں میں انتخابات موخر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہو گا، اس مرحلے پر بیلٹ پیپرز کی دوبارہ اشاعت کے لیے کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی ایک چیلنج بن گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے لیے خصوصی کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن تھی، بیلٹ پیپر کا سائز کم کر کے اس ضرورت کو 2170 ٹن تک لایا گیا، 2170 ٹن خصوصی کاغذ صرف ایک مرتبہ چھپائی کے لیے بمشکل کافی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو شیڈول ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

