ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جارہے ہیں

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جارہے ہیں
نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جار ہے ہیں۔
کراچی
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔
نشتر پارک میں 9 محرم الحرام کی مجلس کے بعد جلوس برآمد ہوگا۔ جلوس نمائش ، ایم اے جناح روڈ، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ مارکیٹ، لائٹ ہاؤس ، ڈینسو ہال، میمن مسجد اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جلوس کے راستوں کے اطراف کی تمام سڑکیں اور گلیاں کنٹینر لگا کر بند کردی گئی ہیں، جبکہ جب کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع تمام مارکیٹیں، تجارتی مراکز اور ہوٹل اتوار کی رات ہی سیل کردیے گئے تھے۔
ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند ہے، جبکہ نیو ایم جناح روڈ اور پریڈ اسٹریٹ سے بھی جلوس کے سوا کسی اور گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ 9
اور 10 محرم الحرام کے دوران کراچی پولیس کے 17 ہزار 947 افسران و اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے جائیں گے، عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔ جب کہ رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات ہوگی۔
اس کے علاوہ جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت مٰں پاک فوج کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
لاہور
لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا۔جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔علاقے میں واک تھرو گیٹس لگا دیئے گئے جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کر دیا گیا۔
پانڈو سٹریٹ کے علاقے میں 40 ریزرو، 16 ایس ایچ اوز، 6 ڈی ایس پیز اور 2 ایس پیز تعینات ڈیوٹی دیں گے، اس کے علاوہ جلوس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹر کیا جائے گا، جس کے لیے ڈی سی آفس اور محکمہ داخلہ پنجاب میں کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔
اسلام اباد
نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوگا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ جی سکس ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا جلوس لال کوارٹر چوک پر پہنچ کر منزل لے گا، جلوس اگلی منزل ون ٹو سٹاپ ہوگی جہاں لنگر حسینی کا وسیع انتظام کیا جائے گا۔
جلوس کے راستے میں سبیل علی اصغر و سبیل سیدہ سکینہ کا اہتمام بھی کیا جائے گا، باجماعت نماز مغربین اسکول سٹاپ میلوڈی چوک میں ادا کی جائے گی۔ نماز مغربین کے ساتھ ہی جلوس نیو آبپارہ سے ہوتا ہوا میلوڈی شہدا چوک پہنچے گا۔ جلوس پولی کلینک چوک،سروس روڈ سے ہوتا ہوا رات گئے مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
پشاور
پشاور میں آج مجموعی طور پر 18 ماتمی جلوس برآمد ہونگے، شبیہ ذوالجناح کے 2 مرکزی جلوس نکالے جائیں گے۔
پشاور میں پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے صبح 10 بجے جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ قمربنی ہاشم علی کالونی سٹی سے 3 بجے برآمد ہوگا، عزادار زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، امام بارہ حسینیہ ہال کے عزادارنماز ظہر فوارہ چوک میں ادا کرینگے، جلوس مقررہ راستوں سے ہو کر اپنی امام بارگاہوں پراختتام پذیرہوں گے۔
جلوس کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، صدر اور اندرون شہر مکمل طور پر سیل رہے گا جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج دوپہر میں نکالا جائے گا، جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے شروع ہو کر وہیں اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے دوران امام بارگاہ جانیوالے راستوں کو سیل کر دیا جائے گا، پولیس، ایف سی اور دیگر فورسز کے 5 ہزار اہلکار 9 اور 10 محرم کی سکیورٹی کے معمور ہوں گے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں 8 محرم کا مرکزی جلوس اپنی منزل حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات، گلیاں اور راستے سیل کئے گئے، ایم اے جناح روڈ، کوریڈور تھری اور صدر کے مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ کر راستے بند رکھے گئے، شہر میں آج اور کل بھی گرین لائن اور اورنج لائن بس سروس معطل رہے گی۔
لاہور میں بھی 8 ویں محرم کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بلاک سیداں میں اختتام پذیر ہوا، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

