نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
شہبازشریف نے اجلاس کے دوران ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تمام تر تربیتی پروگرامز کا محور روزگار کی فراہمی ہونا چاہئے، جاب مارکیٹ کا تفصیلی سروے کروا کر اس کے مطابق ترجیحی شعبوں میں اسکل ٹریننگ کا آغاز کیا جائے۔
وزیراعظم کو اجلاس کے دوران پی ایم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک 6 لاکھ لیپ ٹاپس دیئے جا چکے ہیں، جبکہ اس سال نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کئے جائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں یوتھ اسکلزڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والوں میں 64 فیصد کو باعزت روزگار ملا ہے، اس کے علاوہ پی ایم نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 100 اسٹارٹ اپس کو فنڈ کیا گیا ہے جنہیں ملک بھر میں نامزد انکیوبیشن مراکز میں جگہ دی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت 10 بین الاقوامی معیار کی اسپورٹس اکیڈ میاں اورایک بائیو مکینیکل لیبارٹری اس سال کام شروع کر دے گی، اس کے علاوہ پرائم منسٹر گرین یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ اور ایکو انوویشن کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے اس حوالے سے ملک بھر کی 268 جامعات کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی 2024 کی تیاری حتمی مراحل میں ہے، جبکہ پالیسی کا محورنوجوانوں کو با عزت روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرنے اور ورک فورس کی خواتین کی شرح میں اضافہ ہو گا، اس کے علاوہ پی ایم ڈیجیٹل حب جو ایک ون ونڈو آپریشن ڈیش بورڈ ہو گا تیار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام شزا فاطمہ، چئیرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

