ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ؛ 28 افراد جاں بحق، 20 زخمی

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ؛ 28 افراد جاں بحق، 20 زخمی
ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق شہر یزد میں یہ خوفناک حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔
ہلال احمر ایران کے مطابق حادثے میں 28 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے، تاہم جاں بحق اور زخمیوں میں بیشتر کا تعلق لاڑکانہ اور گھوٹکی سے تھا۔
ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی شہداء کے جسد خاکی کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے شہر یزد کے قریب بس حادثے میں پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے بلندی درجات اور شہداء کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے ایران میں پاکستانی سفارت خانے کو شہداء کے لواحقین کی مدد اور زخمیوں کی طبی امداد کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ایرانی حکومت سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے پاکستانی سفارت خانے کو شہداء کے جسد خاکی کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے شہر یزد میں المناک بس حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایران میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعابھی اور کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی لاڑکانہ سے ایران جانے والی بس کو حادثہ پیش آنے سے درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
عمر ایوب
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے بھی ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے خوفناک حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
اپوزیشن لیڈر کی جانب سے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News