پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوگی، مریم نواز

پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوگی، مریم نواز
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی جہاں انکی چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات ہوئی۔
مریم نواز نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں کو چین کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اپنے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے، چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے، چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے، ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے، چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے، برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں، چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف، ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں، دعا ہے کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور انڈسٹری کے شعبے میں چین نے دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے، ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ جیسی وبائی بیماری ہو یا قدرتی آفات، چین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضرورت مند ممالک کے لیے وسائل مہیا کیے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر، چین نے مستقل طور پر امن و ترقی کو فروع دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے، چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگوں مستفید ہورہے ہیں، چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا ہے جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے، چین سب کے لیے بہتر اور مساوی دنیا کی تعمیر کے علمبردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں جیسی گہری اور پہاڑوں جیسی مضبوط ہے، پاک چین دوستی کا بانڈ محض اسٹریٹجک مفادات پر مبنی نہیں، یہ دل اور روح کارشتہ ہے، پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محمد نواز شریف نے پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قرار دیا، نواز شریف چینی عوام کے ساتھ برادرانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر عالمی فورم پر چین ایک سچے اور وفادار دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، معاشی مدد ہو، سفارتی حمایت ہو یا بحران کے وقت مدد، چین نے ہمیشہ حقیقی معنوں بھائی ثابت کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) ہے، سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں دو قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے، چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے اقتصادی ترقی تک رسائی کا قابل قدر اقدام سر انجام دے رہا ہے، سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے، مضبوط صنعتی بنیاد اور متحرک افرادی قوت کے ساتھ، پنجاب چینی سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے، چین سے شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکج دے رہی ہے، پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چین کے قونصل جنرل ژاؤ شریں نے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب عوام کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے، سولر پینل پروگرام سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے۔
ژاؤ شریں نے پاک چین دوست زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا اور کہا کہ یہ میرا نہیں ہمارا دن ہے، تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے۔
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے، چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، چینی قونصل جنرل اور دیگر نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
اس کے علاوہ تقریب میں چینی موسیقی، دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کیے گئے جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

