فتنتہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا

فتنتہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا
فتنتہ الخوارج نے پشتون قومی عدالت کی حمایت میں ضلع خیبر میں 5 روزہ فائر بندی کا اعلان کردیا، یہ فائر بندی 9 سے 13 اکتوبر تک عمل پذیر ہوگی۔
کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) نے 11 اکتوبر2024 کوشرانگیزی کی غرض سے ضلع خیبرمیں نام نہاد ’’پشتون قومی عدالت‘‘ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا۔
کالعدم پی ٹی ایم کی سرگرمیاں بظاہر پشتون عوام کے حقوق کی جنگ ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، غیور پشتون قبائل میں ریاست مخالف نظریات اور نفرت کا بیج بونے والی کالعدم پی ٹی ایم فتنتہ الخوارج کا سیاسی روپ ہے۔
فتنتہ الخوراج کا قیام نام نہاد شریعت کے نفاذ پر ہوا مگر جاری کردہ اعلامیہ میں اسی زبان کا استعمال کیا گیا ہے جو کالعدم پی ٹی ایم کرتی آئی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق فتنتہ الخوراج کے اعلامیہ میں پی ٹی ایم اور اس کے نام نہاد منشور کے مطابق زبان اور الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے جو کہ ان کے گٹھ جوڑ کو ثابت کرتا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوراج کی جانب سے پشتون علاقوں کو گزشتہ دو دہائیوں سے آگ اور خون میں نہلایا گیا جب کہ ان کے جاری اعلامیہ میں مظلومیت کا تاثراور پاکستان کی مسلح افواج پر کیچڑ اچھالا گیا۔
دفاعی ماہرین کہتے ہیں کہ فتنتہ الخوارج کا 5 روزہ فائر بندی کا اعلان دراصل معصوم پشتون اقوام میں اپنے لئے ہمدردی جگانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاری اعلامیہ میں مجبوراً اسلحہ اٹھانے کی بات تاریخی طور پر مکمل جھوٹ ہے کیونکہ فتنتہ الخوراج کا قیام دراصل پاکستان دشمن قوتوں کی فنڈنگ اور سہولت کے ذریعے ہوا جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم پی ٹی ایم دراصل فتنتہ الخوراج کا ہی دوسرا روپ ہے جن کے نظریات ریاست مخالف ایجنڈے پر مبنی ہیں، فتنتہ الخوراج عوام میں اپنی تشہیر کرنے سے قاصر ہے اور کمزور ہو چکی ہے لہٰذا کالعدم پی ٹی ایم نے پشتون کارڈ کے ذریعے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی ہے۔
دفاعی ماہرین نے بتایا کہ فتنتہ الخوراج کا کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں بیان واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں انتشار پھیلانے کے لئے دونوں تنظیموں کو دشمن ممالک کی سہولت کاری حاصل ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے خیبرپختونخوا میں جاری خونریزی اور بربریت کے خلاف آج تک منظورپشتین نے نہ ہی کوئی مذمتی بیان دیا اور نہ ہی احتجاج ریکارڈ کرایا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پختونخوا میں فساد برپا کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جہاں سیکیورٹی فورسز نبرد آزما ہے وہاں پی ٹی ایم مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر ان دہشت گردوں کی حمایت کررہی ہے۔
دفاعی ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ فتنتہ الخوراج کی جانب سے کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں جاری کردہ اعلامیہ پاکستان کے خلاف دونوں کے گٹھ جوڑ پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

