بزرگ شہری ہمارے معاشرے کی بنیاد اور تجربے کا منبع ہیں، صدر مملکت

بزرگ شہری ہمارے معاشرے کی بنیاد اور تجربے کا منبع ہیں، صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بزرگ شہری ہمارے معاشرے کی بنیاد اور تجربے کا منبع ہیں۔
صدر آصف زرداری نے معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہم بزرگ افراد کی نگہداشت اور دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو اپنا تجربہ اور دانشمندی نوجوان نسل کو منتقل کرنے، ملکی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں، بزرگ شہری نہ صرف ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں بلکہ وہ علم ،حکمت اور تجربے کا منبع بھی ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں اپنے والدین اور بزرگوں سے محبت اور شفقت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے، ہمارے والدین اور بزرگ بچوں کی پرورش میں وقت، محبت، توانائی اور وسائل کی صورت میں بے پناہ قربانیاں دیتے ہیں، ہماری اخلاقی، مذہبی ذمہ داری ہے کہ بزرگوں کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ پیش آئیں، بڑھاپے میں ان کا خیال رکھیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، بزرگ افراد دوسروں پر انحصار کرتے ہیں، اُنہیں خصوصی دیکھ بھال کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، بزرگوں کو سستی طبی سہولیات تک رسائی دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بہتر صحت کی سہولیات کو ترجیح دیں، سماجی تحفظ بہتر بنائیں، بزرگوں کے حقوق کا تحفظ کریں، آئیے پاکستان کو مزید جامع اور بزگ دوست ملک بنانے کی کوشش کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

