آغا خان فاؤنڈیشن کی پاکستان میں عوامی فلاح کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، وزیرِاعظم

آغا خان فاؤنڈیشن کی پاکستان میں عوامی فلاح کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، وزیرِاعظم
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آغا خان فاؤنڈیشن کی پاکستان میں عوامی فلاح کیلئے گراں قدر خدمات ہیں۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے شعبہ صحت کے لیے رہنما اصولوں پر مبنی کتاب مینول آف کلینیکل پریکٹس گائیڈلائنزکے اجراء کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے تناظر میں لکھی گئی رہنما اصولوں کی کتاب پاکستان کے شعبہ صحت کی اصلاحات میں ایک درخشاں باب کا اضافہ ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ کلینیکل پریکٹس کے تحقیق کے بعد بنائے گئے رہنما اصول پاکستان کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر رائج رہنما اصولوں اور پاکستان کے شعبہ صحت میں موجود مسائل کے تناظر میں بنائے گئے یہ اصول حکومت کے شعبہ صحت کی اصلاحات کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، جبکہ آغا خان فاؤنڈیشن اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیلس کی تعمیر میں بغیر کسی معاوضے کے کنسلٹینسی کی خدمات سر انجام دے رہا ہے، جو قابل تحسین امر ہے۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی بالخصوص صحت و تعلیم کے شعبے میں آغا خان فاؤنڈیشن کا کردار قابل ستائش ہے، پاکستان کے ہر شہری کو بنیادی صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خادم پنجاب کے دور میں ہم نے ملک میں پی کے ایل آئی، برن سینٹرز اور دیگر موذی امراض کے علاج کیلئے بین الاقوامی معیار کے ادارے بنائے، سندھ میں بھی ایس آئی یو ٹی جیسے بے شمار قابل قدر ادارے عوامی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ میں نے خادم پاکستان کا حلف اٹھاتے ہی اپنی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جب تک ہر پاکستانی کو معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات تک رسائی نہ مل جائے، چین سے نہ بیٹھوں گا، اللہ کے فضل و کرم سے ہر گزرتے دن ہم اس عہد کی تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔
تقریب میں وزیرِ اعظم نے صدر آغا خان فاؤنڈیشن سلطان علی الانہ کا اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے فاؤنڈیشن کی جانب سے کنسلٹینسی فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

