عالمی یومِ آب، میئر کراچی کا پانی کے تحفظ اور پائیدار انتظام پر زور

عالمی یومِ آب کے موقع پر میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پانی کے تحفظ اور اس کے پائیدار انتظام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن پانی کے عالمی دن کے طور پر دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے، اور رواں سال کا تھیم گلیشئر کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
میئر کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہر کے تمام شہریوں کے لیے پانی کی مساوی رسائی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا، پانی حیات ہے اور یہ انسان کا بنیادی حق ہے، اس کی قدر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور خوشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات میں پانی کا ہر قطرہ قیمتی ہے، اور ہم سب کو اس کی بچت کرنی ہوگی۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی طلب اور رسد کے درمیان شدید فرق ہے، جس کو دور کرنے کے لیے سندھ حکومت کے تعاون سے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ان میں حب کینال منصوبہ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن، اور ملیر ندی پر واٹر کارپوریشن کی لائنوں کا پروٹیکشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، کے فور منصوبے کی آگمینٹیشن کا کام بھی جلد شروع ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 29 جدید کلورینیشن اسٹیشنز کی تعمیر کے ذریعے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو روکنے کے لیے 290 ملین روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 14 اگست 2025 تک حب کینال منصوبے کے مکمل ہونے سے شہر میں یومیہ 4 کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
آخر میں، میئر کراچی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کریں کیونکہ یہ دینی، معاشرتی، قومی فرض اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

