چین کی شینژین یونیورسٹی میں ’’سینٹر فار پاکستان اسٹڈیز‘‘ کا افتتاح

چین کی شینژین یونیورسٹی میں ’’سینٹر فار پاکستان اسٹڈیز‘‘ کا افتتاح
چین کے شہر شینژین میں واقع شینژین یونیورسٹی میں ’’سینٹر فار پاکستان اسٹڈیز‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
شینژین یونیورسٹی میں ’’سینٹر فار پاکستان اسٹڈیز‘‘ کی افتتاحی تقریب میں چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے مرکز کا افتتاح کیا جس میں شینژین یونیورسٹی کے صدر ماو جونفا، اسکالرز، اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ اس مرکز کا قیام پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شینژین اصلاحات اور جدت کا عالمی مرکز ہے، اس لیے یہ سینٹر یہاں قائم کرنا ایک موزوں اور دور اندیشانہ فیصلہ ہے۔
سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ سینٹر فار پاکستان اسٹڈیز میں نہ صرف تعلیمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا بلکہ نئی ٹیکنالوجیز پر تحقیق اور علمی مکالمے کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی پلیٹ فارمز طویل المدتی عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ مرکز تحقیق، بی ٹو بی روابط اور طلبہ کے تبادلے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ایک سال قبل یونیورسٹی کے دورے کا خوشگوار نتیجہ آج مرکز کے قیام کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ سفیر نے شینژین یونیورسٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔
تقریب کے دوران سفیر خلیل ہاشمی نے صدر یونیورسٹی ماو جونفا سے ملاقات بھی کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی و تحقیقی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے شینژین یونیورسٹی کے ہسٹری میوزیم کا دورہ بھی کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News