حکومت کا معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

قرضوں سے نجات اور معیشت کی بہتری کے لئے دن رات محنت ضروری ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد: حکومت نے معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھانے اور ایک متحرک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری، اصلاحات کے نفاذ، اور غیر رسمی و مساوی معیشت کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اصلاحات کو مربوط انداز میں اور ادارہ جاتی سطح پر نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ تبدیلیاں پائیدار اور دیرپا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے رمضان پیکج کی ترسیل کے لیے ڈیجیٹل والٹ کے کامیاب استعمال کو سراہا اور ہدایت کی کہ اس نظام کو دیگر سیکٹرز میں بھی وسعت دی جائے۔
اجلاس کے دوران معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے جاری اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ’’آئی سی ٹی ایپلی کیشن‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے جس میں 150 سے زائد سرکاری خدمات ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ راست گیٹ وے کے ذریعے ادائیگیوں کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے پانچ نکاتی لائحہ عمل کے تحت تمام سرکاری ادائیگیاں، بشمول تنخواہیں اور دیگر بلنگ، اب ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جارہی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے تمام جاری اقدامات کے نفاذ اور موثر نگرانی کے لیے فوری طور پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیزی سے اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

