بڑی عید میں 20 دن باقی، نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں فرینڈلی ماحول، شہریوں کا رات گئے تک گشت جاری

کراچی: عیدالاضحیٰ میں صرف20 دن باقی رہ گئے ہیں اور کراچی کی نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی کی رونقیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔17 اپریل سے فعال کی جانے والی اس وسیع و عریض مویشی منڈی میں اب تک55 ہزار سے زائد قربانی کے جانور لائے جا چکے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر شہاب اور فیصل علی کے مطابق وی وی آئی پی، وی آئی پی، سفائر، کشمیر، کے پی کے، پنجاب، سندھ اور جنرل بلاک ون و ٹو میں بیوپاریوں نے اپنے ڈیرے جما رکھے ہیں۔ قربانی کے لیے لائے گئے خوبصورت اور نایاب جانور گائے، بیل، بکرے اور اونٹ شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
منڈی کا ماحول خاندانی اور دوستانہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں شہری رات گئے تک اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خریداری اور تفریح کے لیے موجود رہتے ہیں۔ ترجمان ام آیمن کے مطابق شہریوں کی آمد کا سلسلہ رات کے آخری پہر تک جاری رہتا ہے۔
منڈی میں اس بار معروف برانڈز کی فوڈ اسٹریٹ بھی قائم کی گئی ہے، جہاں شہری لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ مختلف بلاکس میں لائیو اسٹاک ہیلتھ کیمپس بھی پہلے دن سے فعال ہیں تاکہ جانوروں کی صحت کا خیال رکھا جا سکے۔
پارکنگ کے ٹھیکیدار عدنان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کے لیے1500 روپے اور بڑی گاڑی کے لیے 3200 روپے ماہانہ پارکنگ پاس کی سہولت موجود ہے جب کہ ون ڈے پاسز بھی دستیاب ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر فیصل علی نے بتایا کہ جانوروں کے لیے24 گھنٹے چارے، پانی اور بجلی کی سہولت دستیاب ہے اور فی جانور30 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
منڈی کے ارد گرد1000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
آج اتوار کی شام 7 بجے پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز، لائیو اسٹاک و کچی آبادی رکن سندھ اسمبلی آصف علی خان اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر راجہ خلیق الزمان انصاری مویشی دوست منڈی کا دورہ کریں گے اور بیوپاریوں سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News