اقوام متحدہ امن مشن ڈے: پاکستان کا عالمی امن کیلئے کردار قابلِ فخر ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی امن کیلئے کردار قابلِ فخر ہے۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ امن مشن ڈے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور پاکستان کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے، اب تک پاکستان کے 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد اہلکار اقوام متحدہ کے امن مشنز کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ ان میں سے 181 اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے مرد و خواتین اہلکاروں کی خدمات پر فخر ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں امن و استحکام کے لیے سرگرم رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ (UNMOGIP) کا میزبان ملک ہے اور مسئلہ کشمیر کی وجہ سے اس گروپ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز دنیا میں امن قائم رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں، تاہم ان مشنز کو جدید ٹیکنالوجی اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور کوریا کے اشتراک سے اسلام آباد میں منعقدہ حالیہ امن کانفرنس کا حوالہ بھی دیا، جس کا مرکزی موضوع ’’ٹیکنالوجی اور مشترکہ حکمت عملی‘‘ تھا۔
نائب وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن کی کاوشوں میں اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

