ملک کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں تبدیلی، دریائے چناب کا بہاؤ کم

اسلام آباد: ملک کے مختلف دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق دریائے چناب کے بہاؤ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 19 ہزار 300 کیوسک اور اخراج صرف 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والے چناب کے بہاؤ میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 76 ہزار 800 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 55 ہزار کیوسک رہا جبکہ چشمہ بیراج پر آمد ایک لاکھ 94 ہزار 900 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 33 ہزار 800 کیوسک جبکہ اخراج 35 ہزار کیوسک ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل کی آمد اور اخراج دونوں 23 ہزار 100 کیوسک ہیں۔
واپڈا کی جانب سے آبی ذخائر کی صورتحال بھی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق تربیلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1465.32 فٹ اور ذخیرہ شدہ پانی 16 لاکھ 21 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
منگلا ریزروائر میں سطح 1163.70 فٹ اور ذخیرہ 22 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 644.70 فٹ اور مجموعی ذخیرہ 1 لاکھ 32 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تینوں بڑے آبی ذخائر (تربیلا، منگلا، چشمہ) میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 40 لاکھ 44 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا، منگلا، چشمہ اور نوشہرہ کے مقامات پر پانی کی آمد و اخراج 24 گھنٹوں کے اوسط بہاؤ پر مبنی ہے جبکہ ہیڈ مرالہ اور دیگر مقامات پر یہ اعداد و شمار آج صبح 6 بجے کے ریکارڈ پر مبنی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News