جنوبی افریقی فضائیہ کی تربیتی نظام میں اصلاح کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست

اسلام آباد: جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائزمین سیمومبامبو نے دورہ ایئر ہیڈکوارٹرز کے موقع پر تربیتی نظام میں اصلاح کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائزمین سیمومبامبو نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جنوبی افریقی فضائیہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور پاک فضائیہ کی تربیتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی پیشکش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل وائزمین سیمومبامبو نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں اور قابل اعتماد ڈیٹرنس کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ نے علاقائی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ اقدار، مفادات اور دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ نے اپنے تربیتی نظام میں اصلاح کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کردی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا اس موقع پر جنوبی افریقی وفد نے خواہش ظاہر کی کہ ان کے افسران آئندہ پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں میں بطور مبصر شریک ہونا چاہتے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جنوبی افریقی فضائیہ نے اپنے C-130 طیاروں کی مرمت اور معائنے کے لیے پاکستان کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News