بلوچستان میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی، پنجاب جانے والی بسوں سے اتار کر 9 مسافر شہید کردیے

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے سرہ ڈاکئی میں دہشتگردوں نے قومی شاہراہ پر سفاکانہ حملہ کرتے ہوئے پنجاب جانے والی مسافر بسوں کو روک کر شناخت کے بعد 9 مسافروں کو شہید کردیا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے پاکستان کے امن اور استحکام پر حملہ قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق یہ واقعہ لورالائی اور موسیٰ خیل کے درمیان پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے بسوں کو روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور مخصوص افراد کو نیچے اتار کر گولیوں کا نشانہ بنایا۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں جو اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پنجاب واپس جارہے تھے۔
شہداء میں شامل عثمان اور جابر کے بھائی صابر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کے والد کی وفات کے بعد دونوں بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
شاہد رند نے اس حملے کو دشمن کے ناپاک عزائم کا حصہ قرار دیا جو ملک میں فرقہ واریت اور بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں۔
مزید پڑھیں: دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سرہ ڈاکئی کے ساتھ ساتھ قلات اور مستونگ میں بھی حملے کیے گئے، جن میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔
وفاقی و صوبائی قیادت کی مذمت اور ردعمل
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کا قتل انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست ان دہشتگردوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی، بلوچستان کی ترقی اور امن کو تباہ کرنے کی ہر کوشش کو بھرپور قوت اور عوامی اتحاد سے ناکام بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہم ان دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست، عوام کے مکمل اعتماد اور حمایت کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔
شہداء کی میتیں پنجاب روانہ، طبی سہولیات کی ہدایت
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق شہداء کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 5 ایمبولینسز بلوچستان روانہ کی گئی ہیں تاکہ میتیں باحفاظت منتقل کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر داخلہ دونوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News