عدلیہ حرکت میں آگئی! لاپتہ افراد کیس پر بڑا فیصلہ، چیف جسٹس کا دوٹوک مؤقف

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس میں لاپتہ افراد کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عدالتی نظام سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق عدلیہ نے لاپتہ افراد کے معاملے پر ادارہ جاتی ردعمل کی تیاری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالتی افسران کو بیرونی دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر نظام بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اجلاس میں ’’ڈبل ڈاکٹ کورٹ رجیم‘‘ کے نام سے تیز تر انصاف کی فراہمی کے لیے ایک پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی گئی جب کہ ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹس کا فریم ورک بھی منظور کرلیا گیا۔
خاندانی مقدمات کے جلد اور پُرامن حل کے لیے فیملی کورٹس میں ثالثی مراکز اور ضلعی سطح پر ثالثی کی سہولیات قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ضلعی عدلیہ کی کارکردگی جانچنے کے لیے کے پی آئیز تجویز کرنے والی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
نوجوان وکلا کی صلاحیتوں اور کارکردگی کی بنیاد پر ’’پروفیشنل ایکسی لینس انڈیکس‘‘ بنانے کی منظوری بھی اجلاس میں دی گئی۔ اس کا مقصد عدالتی پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے پولیس اصلاحات پر بریفنگ دی جس میں پولیس کے کام کے معیار اور عدلیہ کے ساتھ تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اسی تناظر میں فیصلہ کیا گیا کہ قیدیوں اور گواہوں کو عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا تاکہ وقت اور وسائل کی بچت ممکن بنائی جاسکے۔
عدالتی اکیڈمیز میں پولیس افسران کی تربیت کے لیے خصوصی کورسز کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ آئندہ مالیاتی اور ٹیکس سے متعلق آئینی درخواستیں صرف ڈویژن بینچز ہی سماعت کریں گے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ کی خواتین بار روم، ڈے کیئر سینٹرز اور ججز ہیلتھ انشورنس جیسے اقدامات کو سراہا گیا۔ کمیٹی نے تمام ہائی کورٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صوبائی حکومتوں سے عدالتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News