انڈس شیلڈ ایلفا، فضائی جنگی مشق کیلئے پاکستان ایئرفورس کا دستہ آذربائیجان پہنچ گیا

آذربائیجان میں فضائی جنگی مشق ’’انڈس شیلڈ ایلفا‘‘ کے لیے پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین جے ایف تھنڈر بلاک تھری طیاروں پر مشتمل دستہ آذربائیجان پہنچ گیا، جہاں پاک فضائیہ کے ماہر ایئر اور گراونڈ کریو مشق میں حصہ لیں گے۔
پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین جے ایف-17 بلاک تھری طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک نان اسٹاپ پرواز کی، اس دوران فضا میں کامیابی کے ساتھ ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یہ آپریشن پی اے ایف کے IL-78 کی مدد سے انجام دیا گیا، جس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ری فیولنگ مشن کو مکمل کیا۔ جبکہ فضا میں ری فیولنگ پاکستانی طیاروں کی طویل فاصلے تک پہنچنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔
“انڈس شیلڈ ایلفا” مشق کا مقصد دونوں ممالک کے فضائی دستوں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینا اور جدید فضائی جنگی حکمت عملیوں پر مہارت کا تبادلہ کرنا ہے۔ اس مشق کے دوران نہ صرف مشترکہ مشن پلاننگ کی جائے گی، بلکہ جدید فضائی ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس سے منسلک مہارتوں کا بھی تبادلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: جے ایف 17 تھنڈرز، آذربائیجان ائیرفورس میں شمولیت میں صرف چند ماہ باقی
اس مشق کے دوران فضائی دفاع سے متعلق ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بھی اپنائی جائے گی، جبکہ انڈس شیلڈ ایلفا جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی اور فضائی برتری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے۔
“انڈس شیلڈ ایلفا” نہ صرف ایک تربیتی مشق ہے بلکہ یہ پاک فضائیہ کی اس پالیسی کا عملی اظہار بھی ہے جس کے تحت عالمی سطح پر فوجی تربیتی تعاون اور اشتراکِ عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس مشق سے نہ صرف پاکستان اور آذربائیجان کی فضائی افواج کو جدید جنگی ماحول میں تربیت حاصل ہوگی، بلکہ مستقبل میں مشترکہ دفاعی حکمت عملیوں کی بنیاد بھی مضبوط ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News