صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا آغا سراج درانی نے جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی میں اہم خدمات سر انجام دیں، ان کی سیاسی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی انتقال کر گئے
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر سیاست دان آغا سراج درانی کے انتقال پر اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آغا سراج درانی کی جمہوریت کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ تحمل اور بردباری کا ایک روپ تھے، ان کی جدائی سے آج ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آغا سراج درانی کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی، پارلیمانی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر سندھ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعاکی اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News