آزاد کشمیر کی خراب صورتحال پر وزیراعظم کا سخت نوٹس؛ پرامن رہنے کی اپیل

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے آئینی و جمہوری حقِ احتجاج کا مکمل احترام کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے تاہم مظاہرین امنِ عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں۔
انہوں نے غیر ضروری سختی سے اجتناب برتنے پر زور دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا، تاہم نئی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ، سردار یوسف، احسن اقبال، مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔
شہباز شریف نے کمیٹی کو فوری طور پر مظفرآباد روانہ ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا فوری اور پائیدار حل نکالا جائے۔
انہوں نے ایکشن کمیٹی سے تعاون کی بھی اپیل کی اور واضح کیا کہ مذاکراتی کمیٹی اپنی سفارشات بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے تاکہ کشمیری عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News