خیبرپختونخوا؛ سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں بروقت کارروائی کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پاک افغان سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت افغان شہری قاسم کے نام سے ہوئی جو ماضی میں افغان بارڈر پولیس میں خدمات انجام دے چکا تھا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ دوسری کارروائی ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کی گئی جس میں ایک اور دہشت گرد اکرام الدین ہلاک ہوا۔ اکرام الدین بھی افغان شہری تھا اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے زور دیا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد سرگرمی کو روکا جاسکے۔
ترجمان پاک فوج نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور پاکستانی فورسز سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

