سندھ پولیس کی گھوٹکی میں بڑی کارروائی ، 12 بدنام زمانہ ڈاکو مارے گئے

سندھ پولیس کی گھوٹکی میں بڑی کارروائی، 12 بدنام ڈاکو مارے گئے ۔ آپریشن ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ کی نگرانی میں کیا گیا۔
آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 12 انتہائی خطرناک مجرم مارے گئے۔
کارروائی میں بدنام ڈاکو شاہ نواز عرف شاہو بھی شامل ہے، جس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی ۔
اس آپریشن میں ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران، ایس ایس پی سکھر اظہر مغل، ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو اور ان کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
ڈی آئی جی سکھر نے بتایا کہ پولیس نے7 ڈاکوؤں کی لاشیں قبضے میں لے لی ہیں۔ جبکہ 5 لاشیں ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساتھ لے گئے ۔
مقابلے کے دوران10 کے قریب مسلح ڈاکو شدید زخمی بھی ہوئے ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کا تعلق شر گینگ سے ہے ۔ یہ گروہ طویل عرصے سے علاقے میں خوف و دہشت کی علامت بنا ہوا تھا۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
گھوٹکی پولیس کا آپریشن قابل ستائش ہے ، وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کامیاب آپریشن کرنے پر ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی، ایس ایس پی سکھر اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس کی جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث نمایاں کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ان بدنام اور خوفناک ڈاکوؤں کے خاتمے سے فورس کے حوصلے بہت بلند ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ گھوٹکی پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ پولیس اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک تمام جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

