Site icon بول نیوز

کراچی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ای چالان کے نفاذ کا فیصلہ

کراچی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ای چالان کے نفاذ کا فیصلہ

 کراچی: سندھ پولیس نے کراچی میں کامیاب آزمائش کے بعد ’’فیس لیس ای ٹکٹنگ‘‘ سسٹم کو صوبے کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں نظام کی کارکردگی اور توسیع سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی، ہائی وے پیٹرول، اسٹیبلشمنٹ، ڈرائیونگ لائسنس سندھ، آئی ٹی، فنانس اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز نے وڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا ای چالان جاری

ڈی آئی جی ٹریفک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد 23 ہزار سے زائد شہری سہولت سینٹرز کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ ای چالان کو چیلنج کرنے والے شہری 200 سے بھی کم ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اب تک جاری ہونے والے 90 فیصد ای چالان معاف کیے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 4 ہزار چالان کی مد میں دو کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

اگلے مرحلے میں پارکنگ لینز کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے زمینی و فضائی نگرانی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کی گاڑیوں پر نصب کیمرے اور ڈرون ’’نو پارکنگ‘‘ زون میں موجود گاڑیوں کی اسکیننگ کر کے ای ٹکٹ جاری کریں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ای چالان؛ 25 روز کے دوران 68 کروڑ 75 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں فیس لیس ای ٹکٹنگ کو عوام کی بھرپور پذیرائی ملی ہے، کیمروں کی مدد سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی پاسداری میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شہریوں کو دورانِ سفر غیر ضروری تاخیر کی شکایات بھی کم ہو گئی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی آئی ٹی صوبے بھر کے کیمروں، ان کی ریکارڈنگ، اسٹوریج اور انٹرنیٹ سہولیات کا مکمل جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع اپنی سہولت سینٹرز کا قیام جلد مکمل کریں، متعلقہ عملے کی تربیت کو یقینی بنائیں اور تمام اضلاع سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق تصاویر سینٹرلائزڈ TRACS سسٹم کراچی کو ارسال کی جائیں گی۔

آئی جی سندھ نے اعلان کیا کہ تیاریوں کا مکمل جائزہ لینے کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

Exit mobile version