نشان حیدر پانے والے پہلے فوجی سپاہی سوار محمد حسین شہید کا آج 54واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے، وطن کی آبرو کے لیے اپنی جان نثار کرنے والے بہادر سپاہی نے 1971 کی جنگ میں دشمن کے دانت کھٹے کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے سوار محمد حسین شہید کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سوار محمد حسین شہید نے 1971 کی جنگ میں ظفر وال، شکر گڑھ سیکٹر میں غیر معمولی بہادری دکھائی، شہید نے دشمن کی پیش قدمی کرتی بکتر بند گاڑیوں کو درست نشانہ لگانے کی رہنمائی کی، شہید کی رہنمائی سے دشمن کے متعدد ٹینک تباہ ہوئے اور معرکے کا رخ بدل گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دشمن کی فائرنگ کے دوران سوار محمد حسین نے جامِ شہادت نوش کیا، ان کی قربانی جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی مثال ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ شہید کا جذبہ آج بھی افواجِ پاکستان کے جوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، قوم بہادر فرزندِ پاکستان کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور افواجِ پاکستان شہداء کی قربانیوں کو سلام اور ان کے عزائم کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت

