وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن سے ایک اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کا مرکزی موضوع غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے تعاون تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں، اور اس مسئلے پر عالمی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ، اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ تربیت کے حوالے سے اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیر داخلہ بلجیئم برنارڈ کوائنٹن نے پاکستان کی غیر قانونی امیگریشن اور دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو سراہا، اور کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔
ملاقات کے دوران برسلز میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور بلجیئم کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔

