پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں جدید FM-90 (N) ER سطح سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کر کے اپنی آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس فائر پاور ڈسپلے کے دوران بحری جہاز سے انتہائی تیز اور مؤثر انداز میں حرکت کرنے والے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے پاک بحریہ کی مضبوط جنگی استعداد ایک بار پھر واضح ہو گئی۔
لائیو فائرنگ کی اس مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے فلیٹ یونٹس کے ہمراہ کیا۔ انہوں نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور مؤثر کارکردگی کو سراہا۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملک کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

