کرائسٹ چرچ ٹیسٹ؛ نیوزی لینڈ کے 521 رنز کے جواب میں بنگلا دیش 126 پر ڈھیر

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے 521 بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی اور جواب میں بنگلا دیش صرف 126 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 349 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
جلد ہی ٹام لیتھم نے اپنی تاریخی ڈبل سنچری اور ڈیوون کانوائے نے اپنی سنچری اسکور کی۔ دونوں کے درمیان 215 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
363 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیوون کانوائے 109 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد روس ٹیلر میدان میں اترے، وہ 28 رنز بنانے کے بعد عبادت حسین کا شکار بنے۔
روس ٹیلر کے بعد ہنری نکولس کو بھی عبادت حسین نے آؤٹ کیا، وہ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ جس کے بعد ڈیرل مچل میدان میں اترے، جو شریف الاسلام کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔
کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 423 رنز بنائے تھے، جب کہ کریز پر اوپنر ٹام لیتھم موجود تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم نے ٹام بلنڈیل کے ساتھ رنز بٹورنے شروع کئے ، اسی دوران ٹام لیتھم نے 250 رنز بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا۔
493 کے اسکور پر ٹام لیتھم کو مومن الحق نے آؤٹ کردیا، انہوں نے 252 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
521 رنز پر نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی، ٹام بلنڈیل 57 جبکہ کائل جیمیسن 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور عبادت حسین نے 2،2 جب کہ مومن الحق نے ایک وکٹ لی۔
بنگلا دیش بیٹنگ میں بھی مکمل ناکام
بنگلا دیش کے بلے باز نیوزی لینڈ کی جانب سے کھڑے کئے گئے رنز کے پہاڑ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، پوری ٹیم صرف 126 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے سامنے صرف یاسر علی اور نورالحسن ہی مزاحمت کرسکے دونوں نے بالترتیب 55 اور 41 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔
بنگلا دیش کے 8 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے جب کہ عبادت حسین کھاتہ کھولے بغیر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹرینٹ بولٹ نے 5 وکٹیں لے کر بنگلادیش کے نٹ بولٹ ڈھیلے کردیے، اس کے علاوہ ٹم ساؤتھی نے 3 اور کائل جیمیسن نے 2 بنگلادیشی کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
تکینیکی طور پر بنگلا دیش فالو آن کا شکار ہوگئی ہے کیونکہ پہلی اننگز میں بنگلا دیش کو 395 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے 3 روز کا کھیل ابھی باقی ہے اور اس میں بنگلا دیش کی عبرتناک شکست یقینی نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

