گریم اسمتھ نے کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کر دی

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے کرکٹ بورڈ کی لیگ کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے کرکٹ جنوبی افریقہ کے اگلے سال جنوری میں کھیلی جانے والی نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہونے کے فیصلے کے دفاع میں بات کی ہے۔
پروٹیز کو آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی تھی لیکن ٹی ٹوئنٹی لیگ سے سیریز کے ٹکراؤ کی وجہ سے بورڈ نے دوطرفہ سیریز میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ورلڈ کپ سپر لیگ کے پوائنٹس حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
جنوبی افریقہ اس وقت سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 11 ویں نمبر پر ہے۔ ٹاپ آٹھ ٹیمیں 2023 ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ سی ایس اے چاہتا تھا کہ سیریز دوبارہ شیڈول کی جائے لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق سابق کپتان نے ایک انٹرویو میں جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ گھر پر نہیں ہوتے آپ کو ریونیو نہیں ملتا، یہ ریونیو فراہم کرتا ہے۔
گریم اسمتھ نے کہا کہ یہ فیصلہ ہماری نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے بہترین مفاد میں کیا گیا تھا، ہم نے متبادل کے طور پر اس کے لیے بہت سے حل تلاش کیے مگر آسٹریلیا کو یہ منظور نہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز 1-1 سے ڈرا کر دی تھی اور اب وہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بھارت کے خلاف اپنی اگلی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔
گریم اسمتھ نے کہا کہ یہ جنوبی افریقہ میں ہمارا سال کا اہم وقت ہے اور اس وقت شائقین چھٹیوں پر ہوتے ہیں اور بورڈ کے لیے آمدنی بڑھانے کا یہ بہترین وقت ہے، یہ سال کا پرائم ٹائم بھی ہے اور تجارتی لحاظ سے بھی اہم ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرے گا۔ یہ میچز جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 دسمبر کو گابا میں کھیلا جائے گا، جب کہ ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ فائنل میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News