شاہین کی بحالی کے حوالے سے آفریدی کے بیان پر وسیم اکرم حیران

شاہین کی بحالی کے حوالے سے آفریدی کے بیان پر وسیم اکرم حیران
شاہین کی بحالی کے حوالے سے شاہد آفریدی کے بیان نے سب کو حیران کردیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ میں اپنی بحالی کا خرچ خود اٹھارہے ہیں۔
شاہد آفریدی کے تازہ بیان پر سابق کپتان وسیم اکرم نے ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’اگر ایسا ہے تو یہ واقعی چونکا دینے والی بات ہے کیونکہ شاہین شاہ آفریدی ایک ٹاپ پلیئر ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اہم ستاروں کی دیکھ بھال نہیں کر پارہا تو یہ واقعی نا انصافی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: فخر زمان اور شاہین شاہ کی فٹنس کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی
وسیم اکرم نے مقامی نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو تو فوراً کسی بہترین سرجن کے پاس بھیج دینا چاہیے تھا لیکن وہ خود یہ سب کررہے ہیں جس پر میں حیران ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’شاہین شاہ اپنے ہی ٹکٹ پر برطانیہ گئے ہیں اور وہ اپنے پیسوں پر وہاں رہ رہے ہیں جب کہ میں نے وہاں ان کے لیے ڈاکٹر کا بندوبست کیا ہے‘۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی اس سب میں کچھ نہیں کررہا، جہاں تک میں جانتا ہوں وہ وہاں رہنے اور ڈاکٹروں کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے خود سے ہی سب کچھ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ کو آرام نہ کروانا مجرمانہ فعل ہے، محمد حفیظ
دوسری جانب گذشتہ رات پی سی بی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بورڈ ہمیشہ اپنے تمام کھلاڑیوں کی طبی دیکھ بھال کا انتظام کرنے کا ذمہ دار ہے‘۔
پی سی بی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہورہی ہے کہ شاہین شاہ لندن میں اپنی بحالی پر شاندار پیش رفت کررہے ہیں اور ان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہونے کا امکان ہے‘۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News