عمر گل نے پاکستان ٹیم کو فاسٹ بولرز سے متعلق اہم مشورہ دے دیا

عمر گل نے پاکستان ٹیم کو فاسٹ بولرز سے متعلق اہم مشورہ دے دیا
سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل نے پاکستان کے فاسٹ بولرز کے لیے روٹیشن پالیسی اپنانے کا مشورہ دے دیا ہے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز کا بہت خیال رکھنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے پاس بہت اچھے فاسٹ بولرز ہیں جن کا خیال رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہت اہم ہوں گے اور ان کا فٹ ہونا ضروری ہے۔
عمر گل کہتے ہیں شاہین آفریدی کے بارے میں ہر کسی نے کہا کہ انہیں اوور لوڈ کیا جا رہا ہے جب کہ وہ مسلسل کھیلتے رہے لیکن انہوں نے اچھا پرفارم بھی کیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ حسن علی اِن آؤٹ ہو رہے ہیں اور اب ان کی پہلے جیسی فارم نہیں رہی ہے جب کہ حسن علی نے ماضی میں بہت اچھی پرفارمنس دے رکھی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ، شاہ نواز دھانی اور وسیم جونیئر بھی اچھے فاسٹ بولرز ہیں، بولروں کے لیے روٹیشن پالیسی کو اپنانا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اوور لوڈ نہ ہوں۔
عمر گل کہتے ہیں کہ میں کوچنگ کو بہت انجوائے کر رہا ہوں، میرا شروع سے کوچنگ کی طرف رحجان تھا۔ میں جب کھیلتا تھا تو ساتھی کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے آگاہ کرتا تھا۔
افغانستان کے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ کرکٹ میرا شوق ہے اور اب میں کوچنگ کے ذریعے کرکٹ سے جڑا رہنا چاہتا ہوں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک ہونے کا بھی فائدہ ہوا اور مینجمنٹ نے بہت مدد کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمر گل ایک بار پھر افغانستان کے بولنگ کوچ مقرر
اہلیہ کی ٹوئٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہلیہ نے مذاق میں سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہاتھ ہولا رکھنے کا کہا لیکن اب میں افغانستان ٹیم کا کوچ ہوں اور پروفیشنل ہوں۔
پاکستان ٹیم کے لئے میرے جذبات ہیں، میں پاکستان ٹیم سے کھیلتا رہا ہوں، جس طرح دوسری ٹیموں کے لئے پلان بناتے ہیں اسی طرح پاکستان کے خلاف بھی پلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم بھی اچھی ہے اور اس کا کوچنگ اسٹاف بھی اچھا ہے، افغانستان کو ٹاپ ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلنے کا فائدہ ہوگا جب کہ کھلاڑی اس سے سیکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

