فواد عالم اور یاسر شاہ کو قومی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی

فواد عالم اور یاسر شاہ کو قومی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی
فواد عالم اور یاسر شاہ کو انگلینڈ کے خلاف قومی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
یاسر شاہ اور فواد عالم سمیت کئی کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کی چار اننگز میں 33 رنز بنائے تھے جب کہ انہوں نے سری لنکا کے خلاف اپنے واحد ٹیسٹ میچ میں 25 رنز اسکور کیے تھے۔
قائد اعظم ٹرافی کے دوران بھی فواد عالم کی کوئی خاص کررکردگی نہ رہی اور انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 کی اوسط سے 470 رنز بنائے تھے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ’میں نے ان کھلاڑیوں کی موجودہ پرفارمنس دیکھی ہے‘۔
دوسری جانب یاسر شاہ بھی حالیہ ٹیسٹ میچز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام دکھائی دیے جب کہ قائداعظم ٹرافی میں بھی بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یاسر شاہ کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
یاسر شاہ نے 7 میچز میں 50.57 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں تھی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، سیریز یکم دسمبر سے 21 دسمبر تک ملک کے تین شہروں میں کھیلی جائے گی۔
پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے 5 دسمبر کے دوران راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا 9 تا 13 دسمبر ملتان اور تیسرا 17 تا 21 دسمبر کے دوران کراچی میں شیڈول ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News