پی ایس ایل 8؛ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دیدی

پی ایس ایل 8
پاکستان سپر لیگ کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 242 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز نے رائیلی روسوو کی جارحانہ سنچری کی بدولت ہدف 5 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔
Game lay gaya @MultanSultans 🤩👏🏻#SabSitarayHumaray l #HBLPSL8 l #PZvMS pic.twitter.com/rlIeUPPrG8
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 10, 2023
ملتان سلطانز کے دونوں اوپنرز ناکام رہے۔ کپتان محمد رضوان 7 اور شان مسعود 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کیرون پولارڈ نے 25 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
تاہم رائیلی روسوو میچ کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے 41 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بناکر اپنا پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ 51 گیندوں پر 121 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ انور علی نے 8 گیندوں پر 24، خوشدل شاہ نے 18 رنز بنائے۔
اس سے قبل پشاور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور کی جانب سے اوپنر صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور دھواں دھار اننگز کی بدولت 134 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
صائم ایوب نصف سنچری کے ساتھ 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان بابر اعظم نے جارحانہ 73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
محمد حارث 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ عظمت اللہ عمر زئی نے 16 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے نوجوان بولر عباس آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اسامہ میر اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی اسکواڈ
کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، راومن پاوول، وہاب ریاض، عثمان قادر، عظمت اللہ عمر زئی، مجیب الرحمان اور ارشد اقبال۔
ملتان سلطانز اسکواڈ
کپتان و وکٹ کیپر محمد رضوان، شان مسعود، رلی روسو، کیرن پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News