وائٹ بال ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ راشد لطیف نے اشارہ دے دیا

وائٹ بال ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ راشد لطیف نے اشارہ دے دیا
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر و بیٹر راشد لطیف نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان کے حوالے سے اشارہ دے دیا۔
سابق وکٹ کیپر و بیٹر راشد لطیف نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری بیان میں وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے اشارہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور محمد رضوان کی ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’’ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے حوالے سے فیصلہ چیئرمین پی سی بی اور محمد رضوان کے درمیان ملاقات کے بعد کیا جائے گا‘‘۔
راشد لطیف نے بتایا ’’ملاقات متوقع تھی لیکن چیئرمین پی سی بی کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے نئے کپتان کے اعلان میں تاخیر ہوئی‘‘۔
خیال رہے کہ بابر اعظم نے 2 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کو پی سی بی نے بھی قبول کرلیا تھا۔
اس سے قبل ذکاء اشرف کے دور میں بھی بابر اعظم نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد شان مسعود کو ریڈ بال جب کہ شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
تاہم شاہین آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد محسن نقوی نے بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کپتان مقرر کیا تھا۔
موجودہ وقت میں بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد وائٹ بال کی کپتانی کے لیے محمد رضوان اور محمد حارث کے نام ممکنہ طور پر سامنے آئے ہیں جن میں سے محمد رضوان کو پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم نے مستقبل میں زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلنی ہیں جس کے لیے ٹیموں کا اعلان اگلے چند روز میں متوقع ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News