آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پہلا سیمی بھارت اور آسٹریلیا کے مابین آج ہو گا

بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں آج آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے روہت شرما کی قیادت میں گروپ مرحلے میں تین مسلسل فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
بھارت نے اپنی مہم کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ کیا، جس میں نائب کپتان شبمان گل کی شاندار سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔
اس کے بعد بھارت نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو بھی چھ وکٹوں سے شکست دی، اور اتوار کو نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے جگہ بنائی۔
بھارت نے گروپ اے میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے لیے شریاس ایئر (150 رنز)، شبمان گل (149 رنز) اور ویرات کوہلی (133 رنز) نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
بولنگ میں، بھارت کے لیگ اسپنر واران چکراورتی، محمد شامی اور کلدیپ یادو نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے بعد گروپ بی میں دوسرے نمبر پر آ کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
کینگروز ٹیم کی قیادت اسٹیو اسمتھ کر رہے ہیں، اور انہوں نے اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز انگلینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ کیا، تاہم ان کے دو میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گئے۔
آسٹریلیا کے لیے ایک بڑا دھچکا اس وقت آیا جب اوپنر میتھیو شارٹ انجری کی وجہ سے سیمی فائنل میں شرکت سے محروم ہوگئے، اور ان کی جگہ آل راؤنڈر کوپر کونولی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آخری بار بھارت اور آسٹریلیا کا مقابلہ 2024 ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں ہوا تھا، جس میں بھارت نے 24 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم 2023 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور آسٹریلیا دونوں نے دو دو ٹائٹلز جیتے ہیں، آسٹریلیا نے 2006 اور 2009 میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بھارت نے 2013 میں چیمپئنز ٹرافی جیتا اور 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹائٹل شیئر کیا تھا۔
بھارت اور آسٹریلیاا کے درمیان ون ڈے کرکٹ میں ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ
اب تک بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 151 ایک روزہ میچز ہوئے ہیں، جن میں بھارت نے 57 میچز جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا نے 84 میچز اپنے نام کیے ہیں۔ 10 میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیمیں چار بار مدمقابل آئی ہیں، بھارت نے دو میچز جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکلا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

