شاہین آفریدی کو مس نہیں کریں گے، ہمارے پاس دیگر بولرز بھی اچھے ہیں؛ سلمان آغا

لاہور: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کہتے ہیں کہ ہمارے پاس ایسے پلیئرز موجود جو کسی بھی پلیئر کو کسی بھی وقت ریپلیس کرسکتے ہیں۔ شاہین آفریدی کو مس نہیں کریں گے، ہمارے پاس دیگر بولرز بھی اچھے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی سیریز آسان نہیں ہوتی، بنگلادیش کی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے، وہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور ہم نے ہر کھلاڑی کے خلاف مکمل تیاری کی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ سفیان مقیم بھی مجھے پسند ہیں، وہ ہماری وائٹ بال کرکٹ کا حصہ ہیں۔ تاہم لاہور کی وکٹوں پر وہ زیادہ مؤثر نظر نہیں آئے، اس لیے ایک اضافی فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم انہیں مس نہیں کریں گے کیونکہ ہمارے اسکواڈ میں دیگر اچھے بولرز موجود ہیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت کسی کو ریپلیس کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حکمتِ عملی ابھی ظاہر نہیں کی جا سکتی لیکن ہم نے مکمل حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ٹیم تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایک ایسا پول بنا رہے ہیں جس سے کسی کھلاڑی کے انجرڈ ہونے کی صورت میں فوری متبادل موجود ہو۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوان اور سینیئر کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دنیا میں جو ماڈرن کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، اسے فالو کریں اور ہماری ٹیم بھی اسی طرز پر چلے۔
انہوں نے کہا کہ کوچ اور کپتان کی مشاورت سے ہی پلئنگ الیون تیار کی جائے گی، ماضی میں بھی ایسا ہی ہوتا آیا ہے۔ حسن نواز نے پی ایس ایل میں مڈل آرڈر میں بہترین کارکردگی دکھائی، اسی لیے انہیں مڈل آرڈر بلے باز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
کپتان نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جائیں گے تاکہ ٹیم کا مجموعی کمبی نیشن مضبوط ہو۔ ڈی آر ایس ایک مددگار ٹول ہے لیکن ہم پی ایس ایل کے آخری میچز بھی اس کے بغیر کھیل چکے ہیں اور اب بھی کھیلیں گے۔
وسیم جونیئر کی انجری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تاحال کوئی حتمی اپ ڈیٹ نہیں، ان کی انجری کا جائزہ کل تک مکمل ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News