بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل مل گیا

ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو دورہ پاکستان کے لیے حکومتی سطح پر اصولی منظوری مل گئی ہے تاہم ابھی سرکاری اجازت نامہ موصول ہونا باقی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی کو پاکستان کے ساتھ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز کے لیے گرین سگنل مل چکا ہے اور جلد ہی باضابطہ خط جاری ہونے کا امکان ہے۔
بی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بین الاقوامی اسپورٹس ویب سائٹ سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ ہمیں حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل چکا ہے تاہم سرکاری خط کا انتظار ہے جو جلد موصول ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اصولی طور پر فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں، سرکاری منظوری کے بعد ہم کھلاڑیوں سے بات کریں گے کیونکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ کچھ کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کے باعث سفر کرنے سے ہچکچا رہے ہیں لیکن ہم کسی کھلاڑی کے ساتھ زبردستی نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز بنگلادیشی کھلاڑی کے نام
یاد رہے کہ اس سے قبل بی سی بی نے واضح کیا تھا کہ وہ حکومتی اجازت کے بعد ہی دورے سے متعلق حتمی بات چیت کرے گا۔ بنگلادیشی ٹیم ان دنوں متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر ہے جہاں وہ 17 اور 19 مئی کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پانچ میچوں پر مشتمل پاکستان کا دورہ ابتدائی طور پر 25 مئی سے فیصل آباد میں شروع ہونا تھا تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کی معطلی کے باعث دونوں بورڈز نے شیڈول میں تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔
اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 13 مئی کو بی سی بی کو نیا مجوزہ شیڈول بھیجا ہے جس کے مطابق پہلے تین میچز فیصل آباد میں 27،29 مئی اور 1 جون کو کھیلے جائیں گے جب کہ باقی دو میچز لاہور میں3 اور 5 جون کو شیڈول کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

