ایشیاکپ؛ شاہد آفریدی قومی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے لیے پُرامید

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پریس کانفرنس کے دوران ایشیاکپ 2025 پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کل بنگلادیش کے ساتھ میچ بہت اہم ہے اور امید ہے کہ پاکستان ٹیم فائنل میں پہنچے گی۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان میں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔ ویژن پاکستان نوجوانوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا کیونکہ ملک کی ذمہ داریوں کو اپنی ذمہ داری سمجھنا ہر فرد پر لازم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مگر اسے نکھارنے کے لیے اکیڈمیز میں پروفیشنل لوگوں کو لانا ہوگا۔
انہوں نے محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی ان کی ذمہ داری ہے۔ پڑوسی ملک نے ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دی ہے جس سے ان کے نظام میں بہتری آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتا، شاہد آفریدی
سابق کپتان کہتے ہیں کہ کپتان کا کردار ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نسیم شاہ کو ٹیم میں نہ دیکھ کر کمی محسوس ہوئی جبکہ بابر اعظم کو بھی اسکواڈ میں شامل ہونا چاہیے تھا۔
شاہد آفریدی کے مطابق پاکستانی بلے بازوں میں مستقل مزاجی کا فقدان ہے اور ٹیم کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شکر ہے قومی ٹیم نے گزشتہ روز میچ جیتا تاہم کل بنگلادیش کے خلاف مقابلہ بہت اہم ہے اور امید ہے کہ پاکستان ایشیاکپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگا۔
شاہد آفریدی نے پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ نہ ملا کر نفرت کی ابتدا بھارت کی طرف سے ہی ہوئی، بھارت میں پڑھے لکھے لوگ موجود ہیں لیکن نریندر مودی کی سوچ منفی ہے۔ اگر بھارت بات کرنا ہی نہیں چاہتا تو پھر کچھ نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News