ٹائم آؤٹ معاملے پر شکیب اور میتھیوز کا ردعمل

ٹائم آؤٹ معاملے پر شکیب اور میتھیوز کا ردعمل
گزشتہ روز سری لنکا اور بنگلادیش کے میچ میں ہونے والے ٹائم آؤٹ کے انوکھے واقعے پر شکیب الحسن اور اینجلو میتھیوز کا ردعمل سامنے آگیا۔
بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی۔
شکیب الحسن نے بتایا کہ ہمارا ایک فیلڈر میرے پاس آیا اور کہا، اگر آپ ٹائم آؤٹ کی اپیل کرتے ہیں تو قانون کے مطابق وہ آؤٹ ہوجائیں گے۔
لہذا پھر میں نے امپائر سے اپیل کی جنہوں نے پہلے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں میتھیوز کو واپس بلاؤں گا یا نہیں تو میں نے کہا کہ میں انہیں واپس نہیں بلاؤں گا۔
شکیب الحسن نے مزید کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں۔تو اینجلو آیا اور مجھ سے پوچھا کہ آیا میں اپنی اپیل واپس لے لوں گا یا نہیں تو میں نے کہا آپ جانتے ہیں، میں آپ کی صورتحال کو سمجھتا ہوں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکتا۔
یہ آئی سی سی کا اصول ہے کہ بلے باز کو مقررہ وقت کے اندر کریز پر آنا ہوتا ہے اور اینجلو اس وقت وہاں نہیں تھا۔
دوسری جانب اینجلو میتھیوز نے شکیب الحسن کے بیانات سے اتفاق نہیں کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ ٹائمر ختم ہونے سے پہلے تیار تھے۔
میتھیوز نے کہا کہ میرے پاس کریز پر آنے اور خود کو تیار کرنے کے لیے دو منٹ تھے اور میں مقررہ وقت سے پہلے وہاں موجود تھا۔ یہ ایک سامان (ہیلمٹ) کی خرابی تھی اور مجھے نہیں معلوم کہ اس سارے معاملے میں عقل کہاں گئی کیونکہ ظاہر ہے یہ شکیب اور بنگلہ دیش کی بے عزتی ہے۔
اینجلو میتھیوز نے مزید کہا کہ اگر وہ اس طرح کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ اس میں بہت بڑی غلطی ہے۔ میرا ہیلمٹ ٹوٹنے کے بعد بھی میرے پاس ابھی پانچ سیکنڈ باقی تھے۔
سری لنکن آل راؤنڈر نے بتایا کہ ٹیم نے میچ کے بعد بنگلا دیشی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا کیونکہ ان کا خیال تھا کہ بنگلادیشی ٹیم نے اپنی اپیل واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کا اور کھیل کے جذبے کا احترام نہیں کیا۔
میتھیوز نے کہا کہ آپ کو ان لوگوں کا احترام کرنے کی ضرورت ہے جو آپ کی عزت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اینجلیو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 38ویں میچ میں سری لنکا کی چوتھی وکٹ مڈل آرڈر بلے باز سدیرا سماراوکراما کی صورت میں گری جو 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو مقامی وقت کے مطابق 3 بجکر 49 منٹ پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے لیکن جیسے ہی وہ کریز پر پہنچے ان کے ہیلمٹ کا بیلٹ ٹوٹ گیا اور انہوں نے فوراً دوسرا ہیلمٹ منگوایا۔
اس دوران بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے امپائر کو یاد کروایا کہ دو منٹ سے اوپر ہوگئے ہیں لیکن بلے باز ابھی تک تیار نہیں جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا اور یوں اینجلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.bolnews.com/urdu/sports/cricket/2023/11/609466/amp/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://www.bolnews.com/urdu/sports/cricket/2023/11/609466/amp/ اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News