امریکی معاشی دہشتگردی تک ٹرمپ روحانی ملاقات ممکن نہیں، ایران

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب ماجد تخت روانچی کا کہنا ہے کہ جب تک ایران کیخلاف امریکی معاشی دہشتگردی جاری ہے،مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے ٹرمپ اور روحانی کی رواں ماہ ملاقات کے اشارے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایران کیخلاف امریکی معاشی دہشتگردی جاری ہے تب تک دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات ممکن نہیں ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات کا امکان مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ سے مذاکرات کی گنجائش نہیں جب تک واشنگٹن اپنی “اقتصادی دہشت گردی” کی پالیسی اور ایران کے خلاف پابندیوں پر قائم ہے۔
ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے بار بار اعلان کیا ہے کہ جب تک امریکی انتظامیہ کی اقتصادی دہشت گردی اور ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ پابندیاں جاری رہیں گیں، مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
تہران کا کہنا ہے کہ وہ دباؤ پر بات چیت نہیں کرے گا اگر امریکہ اپنی پابندیاں ختم کرے اور کوئی مذاکرات سے پہلے ایرانی قوم کے حقوق کا احترام کرنا شروع کردے تو بات چیت ممکن ہوگی ۔
جبکہ ایرانی مندوب نے امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن کی برطرفی کو امریکا کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔
اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ اگست میں ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی پیشکش ٹھکرادی تھی ۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2015 میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

