افغانستان، طالبان انتظامیہ نے 1900 کے قریب اہلکاروں کو برطرف کردیا

افغانستان میں طالبان انتظامیہ نے 1895 اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا۔
طالبان عبوری حکومت کے نائب ترجمان ایمان اللہ سامانگانی نے سوشل میڈیا پیج پہ جاری کیے بیان میں کہا ہے کہ طالبان انتظامیہ اپنے نام اور اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے طالبان اراکین کو عہدوں سے برخاست کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس وقت تک کُل 1895 طالبان کو فارغ کیا جا چکا ہے۔ برطرف کیے گئے طالبان میں بعض صوبائی منتظمین بھی شامل ہیں۔
سامانگانی نے بتایا ہے کہ برطرف کیے جانے والے بعض طالبان کو تفتیش کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
طالبان کے سربراہ ملّا ہیبت اللہ اخوند زادہ نے 4 نومبر کو جاری کردہ ایک بیان میں اپنے کمانڈروں کو طالبان گروپ میں دیگر عناصر کی شمولیت کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ طالبان انتظامیہ نے 7 ستمبر کو افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کرنے کے بعد اپنی صفوں میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک کمیشن قائم کیا تھا۔
کمیشن کا کام طالبان کے نام اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اراکین کو گروپ سے خارج کرنا اور قرار واقعی سزائیں دینا ہے۔ اب اِسی سلسلے میں عملی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

