کروڑوں سال پرانی سب سے بڑی شکاری وہیل کی باقیات دریافت

کروڑوں سال پرانی سب سے بڑی شکاری وہیل کی باقیات دریافت
ماہرین نے لاطینی ملک پیرو کے صحرا سے 3 کروڑ 60 لاکھ سال پرانی ایک وہیل کا فوسل (محفوظ ہوجانے والی باقیات) ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس لاطینی امریکی ملک پیرو کے ریگستان سے ایک معدوم ہوئے جانور کا فوسل دریافت ہوا تھا۔
ماہرین حیاتیات اور سائنسی ماہرین کی ٹیم نے اب یہ دعوٰی کیا ہے کہ یہ فوسل اس وہیل میں سے کسی ایک کا ہے جو آج سے 3 کروڑ 60 لاکھ قبل سمندروں پر راج کرتی تھی۔
فوسل دریافت کرنے والی ٹیم کے سربراہ ماریو اربینا کا کہنا ہے کہ ہم نے قدیم باسیلو سارس (لاکھوں سال پہلے موجود وہیل کی قسم) سے تعلق رکھنی والی ایک ایسی وہیل کا مکمل ڈھانچہ دریافت کیا ہے جو تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ سال پہلے زندہ تھی۔
ماریو اربینا نے کہا کہ باسیلو سارس کے فوسل کی دریافت بہت اہم ہے کیونکہ دنیا میں اس سے ملتے جلتے کوئی اور نمونے اب تک دریافت نہیں ہوئے۔
ماریو اربینا نے بتایا کہ باسیلو سارس کا فوسل ہمیں 2021 کے اواخر میں لیما کے جنوب میں تقریباً 350 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع صحرائے اوکوکاج سے ملا تھا۔ یہ صحرا لاکھوں سال پہلے سمندر کے نیچے تھا اور اس کے ٹیلوں سے بڑی تعداد میں حیرت انگیز قدیم سمندری ممالیہ کی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے یہ وہیل لگ بھگ 15 میٹر لمبی ہوا کرتی تھی ، ٹونا اور شارک کی طرح اس کے بڑے بڑے مضبوط دانت تھے جو کھانے کے لیے استعمال کئے جاتے تھے۔
وہیل کی کھوج لگانے والی ٹیم میں شامل ایک ماہر روڈلفو سالاس گیسمونڈی نے بتایا کہ باسیلو سارس اس دور میں پائی جانے والی دیگر اقسام کی وہیل سے جسامت اور دانتوں کی وجہ سے مختلف ہے، ممکنہ طور پر یہ وہیل اس وقت کی سب سے بڑے شکاری ممالیہ میں سے ایک تھی۔
روڈلفو سالاس گیسمونڈی نے مزید کہا باسیلو سارس کی دریافت بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ بہت زیادہ محفوظ اور صحیح حالت میں ملا ہے۔ اس سے پیرو کے سمندر کی تاریخ کو دوبارہ سے مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ساڑھے 5 کروڑ سال پہلے باسیلو سارس جیسے سیٹاسیئن جانوروں نے خشکی سے پانی کی جانب ارتقا شروع کیا تھا۔ ساڑھے 3 کروڑ سال پہلے یہ آبی ماحول میں مکمل طور پر ڈھل چکے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

