صدر پیوٹن کو یوکرین جنگ سے نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا، امریکی صدر بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن ایک ایسی جنگ میں پھنس گئے ہیں جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے لیکن امریکا اپنے اتحادیوں سے اس مسئلے کے حل کے لیے صلاح و مشورے کر رہا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن کے نواح میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے خاصے فکر مند ہیں کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے پاس یوکرین کی جنگ سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ صدر پیوٹن کے لیے کوئی راستہ نکالنے کے مقصد سے امریکی اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ روسی صدر کو یہ غلط فہمی تھی کہ یوکرین پر حملہ نیٹو اور یورپی یونین کو توڑ دے گا لیکن سب ان کی توقعات کے برعکس ہوا اور امریکا اور بہت سے یورپی ممالک یوکرین کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔
مارچ میں یوکرینی دارالحکومت کیف پر حملے کے دوران روس کو یوکرین کی جانب سے زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ روس کو گزشتہ ماہ یوکرین کے مشرقی علاقے پر اپنی زبردست کارروائی کے لیے بڑی تعداد میں مزید فوجی بھیجنے پڑے تاہم اس کی پیش قدمی بہت سست روی سے جاری ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ پیوٹن کافی حساب لگا کر کام کرنے والے آدمی ہیں تاہم اس وقت جس مسئلے کے بارے میں وہ پریشان ہیں وہ یہ ہے کہ ان کے پاس ابھی کوئی راستہ نہیں ہے اور ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ امریکا اور اتحادی ممالک اس بارے میں کیا کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

