ایرانی صدر ابراہیم رئیسی و دیگر حکام کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی و دیگر حکام کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی
تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے اعلیٰ حکام کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
ایران میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین کے لیے تیاریاں جاری ہیں، مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی پہلی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جسد خاکی تبریز سے تہران منتقل کیے جائیں گے اور انکی نماز جنازہ قم میں بھی ادا کی جائے گی۔
آج رات تہران میں امام خمینی کے مزار پر بھی شہداء کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی اور تہران میں کل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی، تہران یونیورسٹی سے آزادی اسکوائر تک شہداء کے جسد خاکی لے جائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی زندگی پر ایک نظر
ایران کے روحانی پیشوا رہبر انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے اور غیر ملکی وفود مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ میں تہران میں شرکت کریں گے۔
مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کو جمعرات کی شب مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا، تاہم ایران میں کل قومی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا اور رواں ہفتے ہونے والے تمام امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ ایرانی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سمیت تمام افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان آیت اللہ علی الہاشم، فلائٹ کریو، سیکیورٹی چیف اور باڈی گارڈ بھی جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News