چین میں نصف صدی کی شدید آندھی کا قہر، سیکڑوں پروازیں، ٹرینیں معطل، الرٹ جاری

بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ اور شمالی علاقوں میں ہفتہ کے روز شدید آندھی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں پروازیں منسوخ اور متعدد ٹرین سروسز معطل کر دی گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح 11:30 بجے تک بیجنگ کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر 838 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بیجنگ میں چلنے والی ہوا کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ (93 میل فی گھنٹہ) تک ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ نصف صدی کی سب سے شدید آندھی تصور کی جا رہی ہے۔
یہ تیز ہوائیں ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے پیشِ نظر تاریخی مقامات اور تفریحی پارک بند کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے بیجنگ کے تقریباً 22 ملین شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کچھ سرکاری میڈیا اداروں نے یہاں تک خبردار کیا کہ 50 کلوگرام سے کم وزن رکھنے والے افراد تیز ہواؤں میں آسانی سے اُڑ بھی سکتے ہیں۔
بیجنگ ایئرپورٹ ایکسپریس سب وے لائن اور کئی ہائی اسپیڈ ریل سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناء، درختوں کو کاٹ کر یا سہارا دے کر محفوظ بنانے کی کوششیں کی گئیں، تاہم شہر میں تقریباً 300 درخت پہلے ہی گر چکے ہیں۔
متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بیجنگ کے شہریوں نے حکام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔
ماہرین کے مطابق یہ شدید ہوائیں منگولیا کے اوپر موجود سرد ویکسی نظام کا نتیجہ ہیں۔ اگرچہ بہار کے موسم میں منگولیا سے آنے والی گرد اور ہوائیں معمول کا حصہ ہیں، تاہم ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ان کی شدت اور تباہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بیجنگ نے گزشتہ 10 برسوں میں پہلی بار شدید ہواؤں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
چینی محکمہ موسمیات کے مطابق اس ہفتے کی ہوائیں سطح 11 سے 13 کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جو شدید نقصان سے لے کر انتہائی تباہی کی علامات ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News